پاکستان کا دو بھارتی جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، میزائل حملوں میں سات شہری جاں بحق، متعدد زخمی

بھارت کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں پاکستان نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے دو بھارتی جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ دعویٰ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران کیا۔

ترجمان کے مطابق، بھارتی میزائل حملوں میں پانچ مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا گیا، جن میں مجموعی طور پر سات شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔ ان حملوں کے بعد پاکستان نے فوری طور پر فضائی اور زمینی کارروائی کا آغاز کیا، جس کے دوران دو بھارتی طیارے اور ایک ہیرون ڈرون کو نشانہ بنایا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق: “احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ پر میزائل حملے میں دو بچے جاں بحق اور بارہ افراد زخمی ہوئے، جبکہ ملبے تلے مزید چار افراد دبے ہوئے ہیں۔”

اسی طرح، مریدکے میں مسجد طیبہٰ، مظفرآباد میں ایک اور مسجد، اور کشمیر کے علاقوں کوٹلی اور باغ میں بھی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مظفرآباد وہی علاقہ ہے جہاں گزشتہ روز ملکی و غیر ملکی میڈیا کو دورہ کروایا گیا تھا۔ ان مقامات پر ہونے والے حملوں میں مزید تین افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔

فوجی ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مساجد کو نشانہ بنانا نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ مذہبی اقدار کی بھی صریح خلاف ورزی ہے، جو مودی سرکار اور آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔”

پاکستانی حکام کی جانب سے حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔ بھارت کی طرف سے تاحال ان الزامات اور پاکستانی دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

بہاول وکٹوریہ اسپتال (بی وی ایچ)، بہاولپور کے مطابق، مسجد سبحان سے 20 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جن میں سے ایک شخص دم توڑ چکا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں