بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کے درمیان گزشتہ ویڈیو کانفرنس بھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔
بی سی بی کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں بورڈ نے ایک بار پھر بھارت میں اپنے میچز نہ کھیلنے کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ ممکن نہیں ہے۔ تاہم آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی طے ہوچکا ہے اور تمام ٹیموں کو اس کے مطابق تیاری کرنی ہوگی۔
بی سی بی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بورڈ سے اپنے موقف پر دوبارہ غور کرنے کی درخواست کی، لیکن بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ممکنہ حل تلاش کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھی جائے گی۔ تاہم اس وقت بھی بھارت میں میچز کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے، اور بورڈ نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا