نیویارک میں ایک حیران کن آرٹ ورک پونے دو ارب روپے میں نیلام کر دیا گیا۔ اطالوی فنکار موریزو کیتلان کا یہ منفرد فن پارہ آئل پینٹنگ یا مجسمہ نہیں بلکہ ایک عام کیلا ہے جو دیوار پر ٹیپ سے چپکایا گیا تھا۔ اس آرٹ ورک کو چینی نژاد کرپٹو کرنسی کاروباری جسٹن سن نے خریدا، جن کے مطابق یہ آرٹ، میمز، اور کرپٹو کرنسی کی دنیا کے درمیان ایک ثقافتی رجحان کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ موریزو کیتلان کا یہ منفرد آرٹ ورک دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہو۔ 2019 میں میامی کے آرٹ میوزیم میں بھی اسی طرح کے تین کیلے نیلام کیے گئے تھے، جو ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر فی کیلا کے حساب سے فروخت ہوئے۔
اس آرٹ ورک کی نیلامی کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ کچھ افراد نے اس پر تنقید کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے تخلیقی آزادی اور آرٹ کی بہترین مثال قرار دیا۔
یہ آرٹ ورک سوال اٹھاتا ہے کہ آرٹ کی اصل تعریف کیا ہے اور اس کی قیمت کا تعین تخلیقی صلاحیتوں سے ہوتا ہے یا اس کی مقبولیت اور مارکیٹنگ کے اثرات سے ہوتا ہے۔