ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض منظور، رقم پنشن اصلاحات پر خرچ ہوگی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں وفاقی سرکاری ملازمین کے پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر (500 ملین ڈالر) کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ بینک کے مطابق اس مالی معاونت کا مقصد پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کنٹرول کرنا اور سرکاری خزانے پر مالی دباؤ کم کرنا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 17 نومبر کو جاری بیان کے مطابق پاکستان میں وفاقی پنشن کے اخراجات مالی سال 2016 کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور اب سالانہ ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ موجودہ نظام میں پنشن کی ادائیگیاں مکمل طور پر سرکاری بجٹ سے کی جاتی ہیں، جس سے حکومت پر مالی بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

بینک کا کہنا ہے کہ منظور شدہ قرض حکومت پاکستان کے پنشن اصلاحاتی منصوبے کے پہلے مرحلے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت پنشن نظام کو زیادہ پائیدار بنانے، اخراجات میں اضافے کو محدود کرنے اور ترقیاتی و سماجی شعبوں کے لیے مالی وسائل بڑھانے پر کام کیا جائے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے کہا کہ پاکستان نے وفاقی پنشن نظام بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق بینک کی مالی معاونت ان اصلاحات کو مستقل بنیادوں پر نافذ کرنے، متعلقہ اداروں کو مضبوط بنانے اور مالی معاملات میں شفافیت بڑھانے میں مدد دے گی۔

نئے اصلاحاتی منصوبے کے تحت جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سول ملازمین کے لیے شراکت پر مبنی پنشن اسکیم میں شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس نظام میں پنشن کے لیے ملازمین اور حکومت کی جانب سے مقررہ حصے جمع کیے جاتے ہیں، تاکہ پنشن کی ادائیگیوں کا انحصار صرف سالانہ سرکاری بجٹ پر نہ رہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں