سڈنی کے مضافاتی علاقے چیپینڈیل میں واقع ڈارلنگٹن پبلک اسکول نے دنیا کی خوبصورت ترین عمارت کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ سنگاپور میں منعقدہ ورلڈ آرکیٹیکچر فیسٹیول میں 220 عمارتوں کے درمیان یہ اسکول ورلڈ بلڈنگ آف 2024 کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا۔ یہ عمارت اپنی منفرد بناوٹ کی وجہ سے پہلے بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکی ہے۔ 2013 میں اس نے آکلینڈ آرٹ گیلری توئی اوتماکی میں پہلا انعام جیتا تھا۔
عمارت کی منفرد خصوصیات
ڈارلنگٹن اسکول کی یہ عمارت ایک پرانی عمارت تھی، جسے ماہر آرکیٹیکٹس نے نئی زندگی دی۔ اس کی خاصیت اس کی ساو ٹوتھ چھت ہے جو اسے ایک منفرد شکل دیتی ہے۔ اسکول میں بچوں کے لیے ایک بڑا باسکٹ بال کورٹ اور ایک کمیونٹی گارڈن بھی شامل ہے، جو اس کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔
فیسٹیول میں سنگاپور کے بزرگوں کے لیے بنائے گئے ہاؤسنگ کمپلیکس اور ڈنمارک کے کوپن ہیگن میں ویسٹ ٹوانرجی پاور پلانٹ کی عمارتوں کو بھی بہترین ڈیزائن کے لیے سراہا گیا۔
یہ مقابلہ 18 مختلف کیٹیگریز پر مشتمل تھا، جس میں دنیا بھر کی خوبصورت اور بلند و بالا عمارتوں نے حصہ لیا، لیکن آسٹریلوی اسکول نے اپنی انفرادیت اور جدت کے ذریعے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔