پاکستانی لڑکے کی محبت میں امریکا سے کراچی آنے والی امریکی خاتون کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان نے خاتون کو کمرہ دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد امریکی خاتون کو فلاحی ادارے کے حوالے کردیا گیا ۔
اس سے قبل امریکی خاتون گارڈن میں واقع اپارٹمنٹ سے روانہ ہوگئی تھیں، پولیس کے مطابق خاتون کہتی ہیں کہ وہ گزشتہ رات سے بیٹھی تھیں اب آرام کرنا چاہتی ہیں ،
اونیجا اینڈریو رابنس نامی خاتون کی سوشل میڈیا پر کراچی کے نوجوان ندال احمد میمن سے دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی ، جس کے بعد 2 بچوں کی ماں اونیجا ایڈریو 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی ۔ پاکستانی نوجوان امریکی خاتون سے شادی کیلئے تیار تھا لیکن اس کے گھر والوں نے شادی سے انکار کر دیا ۔
خاتون کئی ماہ سے کراچی میں دربدر پھر رہی ہے ، وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے پر اے ایس ایف حکام نے امریکی خاتون کو ائیر پورٹ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ایک این جی او نے خاتون کو امریکا واپسی کیلئے ٹکٹ بھی دیا اور مالی مدد بھی کی تھی تاہم اس نے واپس جانے سے انکار کردیا اور نوجوان کے گھر پہنچ کر بلڈنگ میں ڈیرے ڈال لیے۔
امریکی خاتون نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے پاکستانی شہریت دے کر ہر ہفتے 3 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں۔