پاکستان کے دورے پر آئے امریکی ارب پتی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ کا کہنا ہے ، امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جینٹری بیچ کا کہنا تھا ، پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے ۔ پاکستانی لوگ محنتی اور ذہین ہیں ۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں ۔
جینٹری بیچ نے کہا ، دنیا میں امن و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے۔ امریکہ میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی گئیں ۔ امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی۔ بائیڈن دور میں امریکہ کا افغانستان سے انخلا کا طریقہ کار انتہائی غلط تھا ۔
ان کا مزید کہنا تھا ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتصادی سفارتکاری پر یقین رکھتے ہیں۔ امریکی سرمایہ کاروں کا وفد پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ۔ امریکہ پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ، امریکی سرمایہ کار پاکستان میں مصنوعی ذہانت، رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔
جینٹری بیچ نے کہا ، پاکستانی قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔ پاکستان میں میری دنیا کے بہترین لوگوں سے ملاقات ہوئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا ، رچرڈ گرینیل نے ذاتی طور پر مجھے بتایا کہ “انہیں مصنوعی ذہانت کے ذریعے انٹرنیٹ پر جعلی ویڈیوز کی تشہیر کے ذریعے گمراہ کیا گیا۔‘‘، رچرڈ گرینل پاکستانی نظام انصاف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
امریکی وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے مزید کہا کہ ٹرمپ محنتی اور شاندار امریکی صدر ہیں ۔ ہم ان کے اقتصادی سفارتکاری کے ایجنڈے کو کامیاب بنائیں گے ۔ پاکستانی قیادت کے ساتھ میری ملاقاتیں مثبت رہیں۔