پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم وہ خود صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ابتدائی بلے بازوں میں رائیلی روسو نے 16 اور حسن نواز نے 6 رنز بنائے۔ فِن ایلن نے 41 اور ایوشکا فرنینڈو نے 32 رنز کے ساتھ ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔
اختتامی اوورز میں دنیش چندیمل اور فہیم اشرف نے جارحانہ انداز اپنایا، جہاں چندیمل نے 29 گیندوں پر 49 رنز اور فہیم اشرف نے 23 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بین ڈوارشئیس اور سلمان ارشاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، جب جارح مزاج اوپنر الیکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ صاحبزادہ فرحان نے ایک بار پھر شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز بنائے، تاہم وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ راسی وین ڈار ڈوسن 35 اور سلمان علی آغا 44 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرسکے۔ باقی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی، شاداب خان نے 16، جمی نیشم نے 1، عماد وسیم نے 5، بین ڈارشئیس نے 9 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ کی جانب سے عثمان طارق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم، محمد عامر اور فہیم اشرف نے دو، دو جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پوری اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آخری اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس کامیابی کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چوتھی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنائی ہے، اس سے قبل وہ 2019 میں فائنل تک پہنچے تھے۔ دوسری جانب، اسلام آباد یونائیٹڈ کو اب ایلیمینیٹر ون میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم، یعنی لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان جیتنے والی ٹیم کا سامنا کرنا ہوگا۔