پاکستانی نوجوانوں میں دل کی بیماریوں میں تشویشناک اضافے کے انکشاف نے ماہرین صحت کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ حال ہی میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی طویل مدتی تحقیقی مطالعہ “پاک صحت” کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے 70 فیصد نوجوان مرد و خواتین موٹاپے کا شکار ہیں، جب کہ 80 فیصد خواتین میں یہ شرح اور بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کی شریانوں میں چکنائی جمنے کا عمل کم عمری ہی میں شروع ہو جاتا ہے، جو وقت سے پہلے ہارٹ اٹیک جیسے مہلک نتائج کا باعث بن رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 70 فیصد سے زائد افراد میں خراب کولیسٹرول کی سطح خطرناک حد تک بلند پائی گئی ہے۔
پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف ماہر امراض قلب پروفیسر بشیر حنیف نے کہا کہ دنیا بھر میں کسی بھی نوجوان آبادی میں دل کی بیماریوں اور موٹاپے کی یہ شرح پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، جو ایک بڑے قومی صحت بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین نے نوجوانوں میں طرزِ زندگی میں فوری تبدیلی، صحت مند غذا، ورزش، اور بروقت میڈیکل چیک اپ کو اس خطرے سے بچاؤ کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔