پی ایس ایل 10: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹد کو شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا، جسے زلمی نے 16.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز خراب رہا اور ابتدائی تین بلے باز مچل اوون (6)، صائم ایوب (1) اور محمد حارث (12) سستے میں آؤٹ ہوگئے۔ تاہم ، اس کے بعد کپتان بابراعظم اور نوجوان معاذ صداقت نے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا۔ دونوں نے مل کر اسکور کو 140 تک پہنچایا۔ معاذ صداقت 33 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نسیم شاہ کا شکار بنے، جبکہ بابراعظم 53 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ میکس برائنٹ بھی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کائیلی میئرز، بین ورشوس، نسیم شاہ اور ریلی میریڈتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز کائیلی میئرز اور صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن اس کے بعد وکٹیں تیزی سے گرتی چلی گئیں۔ صاحبزادہ فرحان نے 35 گیندوں پر 36 رنز بنائے، جب کہ کائیلی میئرز نے 18 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں سلمان آغا 4، شاداب خان 15، کولن منرو 11، سعد مسعود 1، اعظم خان 8 اور عماد وسیم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نسیم شاہ ایک رن بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔
بین ورشوس نے نویں نمبر پر آکر 17 گیندوں پر 33 ناٹ آؤٹ رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 143 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد علی سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لیوک وڈ، الزری جوزف، احمد دانیال، صائم ایوب اور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے باوجود پشاور زلمی سات میں سے صرف تین میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے، جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ سات میں سے پانچ میچ جیت کر سرفہرست پوزیشن پر موجود ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں