امریکا اور چین کے درمیان جاری ٹیرف جنگ نے ایک دلچسپ رخ اختیار کر لیا ہے۔ چینی عوام نے امریکی پالیسیوں کے خلاف اپنی ناراضی کے اظہار کے لیے ایک انوکھا راستہ اپنایا ہے — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں بنے ’ٹوائلٹ برش‘ کی خریداری میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ پیلا رنگ کا برش دراصل صدر ٹرمپ کی پیروڈی پر مبنی ہے، جسے پہلی بار ان کی صدارت کے دوران متعارف کرایا گیا تھا۔ اُس وقت بھی یہ مصنوعات چین اور امریکا دونوں میں مزاحیہ انداز میں خاصی مقبول تھیں۔ مگر اب، جب سابق صدر ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر ٹیرف میں اضافہ کیا ہے، تو چینی عوام اسے ایک طنزیہ ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
چین کے شہر ییوو، جو کم لاگت پلاسٹک مصنوعات کی تیاری میں مشہور ہے، وہاں کئی فیکٹریاں اس برش کی بڑے پیمانے پر پیداوار کر رہی ہیں۔ ان فیکٹریوں کی پیداوار کو عوام کی بڑھتی دلچسپی اور خریداری مزید بڑھا رہی ہے۔
چینی سوشل میڈیا پر بھی امریکا مخالف جذبات واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ متعدد پوسٹیں امریکی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں، اور کئی مقامی کاروباروں نے بھی امریکا کی طرز پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ منفرد ’ٹوائلٹ برش‘ چین میں صرف ایک طنزیہ پروڈکٹ نہیں رہا بلکہ امریکی معاشی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل کی علامت بن چکا ہے۔