عام طور سے ہم امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی کے پاسپورٹ کو طاقتور سمجھتے ہیں، تاہم پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والی ایک نئی فہرست میں حیران کن انکشاف کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں اول نمبر کسی مغربی سپرپاور یا دولت مند خلیجی ریاست کا نہیں۔
ناموڈ کیپیٹلسٹ نامی ادارے نے دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹ کی درجہ بندی کرتے ہوئے آئرلینڈ کو پہلا نمبر دیا ہے۔ یہ ملک یورپی یونین کا حصہ ہے۔
پاسپورٹس کی درجہ بندی کرنے والی دیگر فہرستوں میں صرف ویزا فری سفر کو مدنظر رکھا جاتا ہے مگر نوماڈ پاسپورٹ انڈیکس 2025 میں ویزا فری سفر، شہریوں پر ٹیکس، دوہری شہریت، ذاتی آزادی اور دنیا میں اس ملک کے بارے میں لوگوں کے خیالات جیسے 5 شعبوں کو مدنظر رکھا گیا۔
فہرست میں آئرلینڈ پاسپورٹ کو نمبرون قرار دیا جس کے ذریعے وہاں کے شہری 176 ممالک میں ویزا لیے بغیر سفر کرسکتے ہیں جبکہ وہاں دیگر شعبوں میں صورتحال بھی دیگر ممالک سے بہتر ہے۔
آئرلینڈ کو 109 اسکور دیا گیا۔یونان اور سوئٹزر لینڈ 108 اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پرتگال کے حصے میں چوتھا نمبر آیا۔پرتگال اور مالٹا 5 ویں جبکہ لگسمبرگ، فن لینڈ اور ناروے مشترکہ طور پر 7 ویں نمبر پر رہے۔ متحدہ عرب امارات، نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ کے حصے میں 10 واں نمبر آیا۔
کمزور ترین پاسپورٹ والے ممالک
بدقسمتی سے کمزور ترین پاسپورٹس میں پاکستان 5 ویں نمبر پر رہا۔دوسرے لفظوں میں 199 ویں ممالک کی فہرست میں 195 ویں نمبر پر رہا۔پاکستان سے نیچے عراق (196)، اریٹیریا (197)، یمن (198) اور افغانستان (199) رہے.