پاکستانی اوپنر بلے باز حسن نواز کا ناپسندیدہ ریکارڈ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر حسن نواز کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ثابت ہوئی، جہاں انہوں نے ایک طرف ریکارڈ ساز اننگز کھیلی، تو دوسری جانب ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
بدھ کے روز ہونے والے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنر بن گئے۔
حسن نواز نے 16 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ڈیبیو کیا تھا، لیکن ان کا آغاز متاثر کن نہیں رہا، کیونکہ ابتدائی دو میچوں میں وہ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، تیسرے میچ میں انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے صرف 44 گیندوں پر سنچری بنا ڈالی، جو کہ کسی بھی پاکستانی بیٹر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری تھی۔
بدقسمتی سے، حسن نواز اپنی اس کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکے اور چوتھے میچ میں محض ایک رن بنا سکے۔ جبکہ پانچویں اور آخری میچ میں وہ دوسرے اوور میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں تین بار صفر پر آؤٹ ہوئے، جو کہ کسی بھی پاکستانی اوپنر کے لیے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنرز:
حسن نواز 5 اننگز، 3 بار صفر پر آؤٹ
شاہ زیب حسن 2 اننگز، 2 بار صفر پر آؤٹ
محمد حفیظ 3 اننگز، 2 بار صفر پر آؤٹ
محمد رضوان 4 اننگز، 2 بار صفر پر آؤٹ

اپنا تبصرہ لکھیں