پاکستان: آئی سی سی ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ایونٹ 9 سے 19 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان سمیت چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی کے مطابق، اسکواڈ کا انتخاب سلیکشن کمیٹی نے دوسرے مرحلے کے تیاری کیمپ میں کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔ اس دوران کھلاڑیوں نے وارم اپ میچز اور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی۔
اسکواڈ کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جو اس سے قبل 6 ٹی 20 اور 2 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی کپتانی کر چکی ہیں۔ نائب کپتان کی ذمہ داری منیبہ علی کو دی گئی ہے۔ شوال ذوالفقار، جو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوگئی تھیں، مکمل صحتیاب ہونے کے بعد قومی ٹیم میں واپس آ گئی ہیں۔
ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ یہ ایونٹ سنگل لیگ راؤنڈ رابن فارمیٹ پر ہوگا، جس کے تحت ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلے گی۔ مجموعی طور پر 15 میچز قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں منعقد ہوں گے۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 9 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ دیگر میچز میں 11 اپریل کو اسکاٹ لینڈ سے، 14 اپریل کو ویسٹ انڈیز سے، 17 اپریل کو تھائی لینڈ سے، اور 19 اپریل کو بنگلہ دیش سے مقابلہ ہوگا۔
یہ میچز مختلف اوقات میں کھیلے جائیں گے، دن کے میچ صبح 9:30 بجے شروع ہوں گے، جبکہ ڈے نائٹ میچز کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔
پاکستان ویمنز اسکواڈ:
کپتانفاطمہ ثنا، نائب کپتانمنیبہ علی، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔
ریزرو کھلاڑیوں میں غلام فاطمہ، وحیدہ اختر، ام ہانی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں