نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ سنچری بنانے والے حسن نواز کون ہیں؟

پاکستانی نوجوان کرکٹر حسن نواز کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر لیہ سے ہے۔ وہ 21 اگست 2002 کو پیدا ہوئے۔ اگست 2022 میں، انہیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2022-23 کے لیے ناردرن کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ اس سے قبل، وہ کشمیر پریمیئر لیگ میں میرپور رائلز کی نمائندگی کر چکے تھے، جہاں وہ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں حسن نواز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ سیزن 10 میں انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
مارچ 2025 میں، حسن نواز کو پہلی بار پاکستان کی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا اور انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منتخب کیا گیا۔ 16 مارچ 2025 کو، انہوں نے ہیگلی اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔ آج اسی سیریز میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف7 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے صرف 45 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیل کر اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کیا۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حسن نواز کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔ دسمبر 2024 میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں حسن نواز نے دو نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ لائنز کی طرف سے کھیلتے ہوئے حسن نواز نے سٹالینز کے خلاف 74 رنزبنائے تھے جبکہ ڈولفنز کے خلاف 50 رنز اسکور کیے تھے۔ اسی ٹی ٹوئنٹی کپ میں حسن نواز نے پینتھرز کے خلاف 41 رنز بنائے تھے۔
اس کے ساتھ ہی حسن نواز نےایک بہت بڑا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ حسن نواز سابق کپتان بابر اعظم کا ریکارڈ توڑتےہوئےٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین سنچری بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بابر اعظم کے نام تھا جب انہوں نے 2021 میں جنوبی افریقہ کےخلاف 49 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں