ازبک صدر کی جاپانی وفد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

تاشقند: ازبکستان کے صدر شوکت مرزیائیف نے جاپان کے وزیرِ اعظم کے خصوصی مشیر آکی ہِسا نَگاشیما کی قیادت میں آئے ہوئے جاپانی وفد کا استقبال کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

جاپانی مشیر آکی ہِسا نَگاشیما نے اس موقع پر کہا کہ جاپان ازبکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت دار سمجھتا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر قانون کی حکمرانی کی بنیاد پر آزادانہ تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاپان، ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی و صنعتی تعاون، توانائی، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں اشتراک مسلسل فروغ پا رہا ہے۔

صدر مرزیائیف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے اور قریبی روابط کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر جاپان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اوساکا میں اپریل سے شروع ہونے والے ورلڈ ایکسپو 2025 کے کامیاب انعقاد کی دعا بھی کی۔

ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ سال 2024 میں ازبکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی حجم میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ جاپان کی بڑی کمپنیوں اور بینکوں کے ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی مالیت 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔

دونوں فریقین نے “سنٹرل ایشیا + جاپان” کے پہلے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے تناظر میں علاقائی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں