ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے 2025 ء میں ملک میں فضائی خدمات کے حجم میں کم از کم 20 فیصد تک اضافے کی ہدایت دے دی ۔ انہوں نے خاص طور پر سمرقند، بخارا، ارگینچ، نوکس اور ترمذ کیلئے پروازوں کی تعداد دوگنی کرنے کا بھی حکم دیاہے ۔ رواں برس مجموعی طور پرملک میں فضائی مسافروں کی تعداد 1.5 ملین اضافے کے ساتھ 15 ملین تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
صدر مرزائیوف نے 2027 تک ازبکستان کی بین الاقوامی ٹرانسپورٹ میں مقامی فریٹ فارورڈرز کے حصے میں 50 فیصد تک اضافے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ مقامی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی حمایت کے لیےانہیں جزوی طور پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) سے بھی استثنیٰ دیا جائے گا۔ جبکہ یورو 5 اور اس سے زیادہ معیار کے ٹرک درآمد کرنے والوں کیلئے ڈیوٹی اور ری سائیکلنگ ٹیکس کی چھوٹ مزید تین سال تک جاری رہے گی۔
ازبک صدر نے ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزارت ٹرانسپورٹ کو تمام اقسام کی مسافر ٹرانسپورٹ کیلئے آن لائن ٹکٹ خریدنے کے پلیٹ فارم کے اجرا میں تاخیر پر سختی سے تنبیہ کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وہ جائیداد کے پتوں کا مشترکہ رجسٹر بنانے کے عمل کو بھی تیز کرے۔
صدر نے واضح کیا کہ ڈیجیٹلائزیشن میں تاخیر ملک کی شفافیت اور جدیدیت کی پالیسی کے خلاف ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر وزیر، گورنر اور میئر کے لیے مخصوص اہداف اور ڈیڈلائنز کے ساتھ واضح کارکردگی کے اشاریے (KPIs) مرتب کرے۔
سیاحتی کمیٹی کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ ہوٹلز، ریزورٹس، ٹرانسپورٹ، میوزیم اور تھیٹرز کی بکنگ کے لیے آن لائن پلیٹ فارم تیار کرے۔ اس کے علاوہ وزارت خارجہ اور وزارت انصاف کو الیکٹرانک ویزا سسٹم متعارف کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے، جس کے تحت ازبکستان میں داخلے کے لیے ویزا تین دن میں جاری کیا جا سکے گا۔