ازبکستان کے وزارت زراعت کی پریس سروس کے مطابق، ملائیشین کمپنی “میراک” ازبکستان میں اسمارٹ زرعی مشینری اور ڈرونز کی تیاری کے لیے تاشقند صوبے کے یانگییول ضلع میں واقع “ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچرل میکنائزیشن” میں مینوفیکچرنگ یونٹ لگائے گی ۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں طے پایا ہے جب ازبکستان کی وزارت زراعت کے حکام، تاشقند اور قشقدریا صوبوں کے گورنرز اور دیگر کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد نے کوالالمپور کا دورہ کیا ہے ، گزشتہ سال ستمبر میں وزارت زراعت نے رپورٹ کیا تھا کہ “میراک” تین سال کے دوران 20 ملین ملائیشین رنگٹ (تقریباً 4.5ملین امریکی ڈالر) کی لاگت سے ازبکستان میں ایک مینوفیکچرنگ یونٹ لگانے کیلئے سرمایہ کاری کرے گا ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ایک ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی جبکہ 1 لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی کو خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ، “میراک “کمپنی نے مزید 30 ملین رنگٹ (تقریباً6.78 ملین امریکی ڈالر) ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے بھی مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
“میراک”ایک مینجمنٹ اور بلڈنگ سروسز کمپنی ہے جو 2018 میں قائم ہوئی تھی۔ وقت کے ساتھ ساتھ ، اس کمپنی نے زراعت، ٹیلی کمیونیکیشن، تربیت، تعلیمی پروگرامز اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں بھی اپنی سرگرمیاں بڑھائیں۔ 2022 میں، جرمن مارکیٹ ریسرچ کنسلٹنسی “ڈرون انڈسٹری انسائٹس” کے مطابق، “میراک” کو ڈرون ٹیکنالوجی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں میں 18ویں نمبر پر رکھا گیا تھا۔
کمپنی انڈونیشیا، فلپائن، پاکستان اور کمبوڈیا میں بھی اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔