ٹک ٹاک بنانے کا شوق ایک اور زندگی نگل گیا۔لاہور کے علاقے شاد باغ میں 17 سالہ عبدالرحمن نامی نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے پسٹل سے اچانک گولی چلنے سے ہلاک ہوگیا۔نوجوان کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
پولیس کے مطابق 17 سالہ عبدالرحمان والدہ کے ہمراہ نانی کے گھر رسم چہلم پر گیا تھا۔ نانی کے گھر پستول تھامے ویڈیو کے دوران گولی چل گئی۔۔ عبدالرحمان کو سینے پر ایک گولی لگی جس کے باعث نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے واقعے کی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل پاکستان کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ چند روز قبل لاہور کے غالب مارکیٹ کے علاقہ میں ٹک ٹاک بناتے گولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہوا تھا۔
مئی 2024 میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے کال سینٹر میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان عبداللہ ہلاک ہوگیا تھا، جس کا مقدمہ لیاقت آباد تھانے میں درج کرلیا گیا تھا۔