مشترکہ ٹاسک فورس کی کمانڈ پاک نیوی سے رائل نیوزی لینڈ نیوی کے سپرد

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے بحرین میں مشترکہ ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ رائل نیوزی لینڈ نیوی کے حوالے کر دی۔ پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک نے کمانڈ باضابطہ طور پر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل جارج وکوف کی موجودگی میں رائل نیوزی لینڈ نیوی کے کموڈور راجر وارڈ کے حوالے کی۔ 

مشترکہ ٹاسک فورس کی قیادت جولائی 2024 سے جنوری 2025 تک پاک بحریہ کے پاس رہی ، کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 نے میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے مختلف آپریشنز کیے۔آپریشنز میں فعال شرکت کے علاوہ، پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تین بڑے آپریشنز کیے۔

مجموعی طور پر پاکستان نیوی  اور کمبائنڈ میری ٹائم فورس نے 6 ماہ کے دوران 50 ملین امریکی ڈالرز مالیت کی تقریباً 10 ٹن منشیات قبضے میں لیں ۔ پاک بحریہ کی قیادت میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150نے اپنے  آپریشنز میں کینیا کی بحریہ اور عمان کی رائل نیوی کے جہازوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا۔

مشترکہ ٹاسک فورس کی قیادت کرتے ہوئے کموڈور عاصم سہیل ملک نے ماریشس، کینیا اور سری لنکا کے اہم سول اور فوجی رہنماؤں سے بھی بات چیت کی اور مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور معلومات کے تبادلےپر زور دیا۔

کموڈور عاصم سہیل ملک کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں فعال شرکت پر فخر محسوس کرتی ہے اور اس کی کوششیں میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔آنے والے کمانڈر سی ٹی ایف 150 ، کموڈور راجر وارڈ نے پاک بحریہ کی مثالی قیادت اور آپریشنل کامیابیوں پر شکریہ ادا کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں