وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے لڑکیوں کی تعلیم سب سے بڑا چیلنج ہے ، مسلم ممالک کے حکمرانوں کو اس حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا ۔
وفاقی دارالحکومت میں دو روزہ ” مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم ، چیلنجز اور مواقع” کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ، موجودہ درپیش چیلنجز میں لڑکیوں کی تعلیم سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ جس سے نمٹنے کیلئے مسلم ممالک کو بڑے پیمانے پر کام کرنا ہو گا ۔
بین الاقوامی کانفرنس میں 47 ممالک کے وزراء ، اہم شخصیات اور کئی اداروں و تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا ، حکومت ملک میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر معاشرے کے ہر فرد کی بنیادی ضرورت ہے ۔ اس شعبے میں نظر آنے والے چیلنجز کا بھی مقابلہ کرنا ہو گا ۔ مشترکہ اقدامات کر کے پسماندہ ممالک میں لڑکیوں کو تعلیم تک رسائی ممکن بنانا ہو گی ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا اسلام نے خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کیلئے تعلیم کی اہمیت واضح کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا بانی پاکستان کی بہن محترمہ فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیا ، اسی طرح بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بھی منتخب ہوئیں ۔اسی طرح آج مریم نواز پنجاب میں بطور وزیر اعلیٰ کام کر رہی ہیں ۔ ارفع کریم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں ملک و قوم کا نام روشھن کیا ۔ تعلیم کی عالمی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے اور اس تقریب میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی شرکت بھی فخر کا باعث ہے ۔