پاکستانی سیاست بھی عجب تماشا ہے۔ یہاں تخت سے تختہ دار اور قید خانے سے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے میں کبھی زیادہ وقت نہیں لگتا۔ کل کا طاقتور آج بے اختیار اور آج کا زیرِ عتاب کل کا فیصلہ ساز بن سکتا ہے۔ پلک جھپکتے ہی سیاسی منظرنامہ بدل جاتا ہے، وفاداریاں تبدیل ہو جاتی ہیں، نظریات نئے معنی اختیار کر لیتے ہیں اور کل تک ایک دوسرے کو ناقابلِ قبول قرار دینے والے سیاست دان اچانک ایک ہی صف میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ مفادات کی اس جنگ کو ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کی بقا، قومی مفاد اور قربانی کا خوبصورت نام دیا جاتا ہے، لیکن اس تمام سیاسی کشمکش کی قیمت بالآخر عام آدمی کو ہی ادا کرنا پڑتی ہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھنے والوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن محض سیاسی پوزیشنیں ہیں، مگر عوام کے لیے یہ فیصلہ ان کے روزگار، بچوں کی تعلیم، علاج، عزت اور مستقبل سے جڑا ہوتا ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے چہروں کی تبدیلی کو نظام کی تبدیلی سمجھنے کی غلطی بار بار دہرائی ہے۔ کبھی کسی رہنما کو نجات دہندہ بنا کر پیش کیا گیا، کبھی کسی کو قومی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا اور کبھی کسی کی آمد کو ملک کی تقدیر بدلنے کا آغاز بتایا گیا۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ معلوم ہوا کہ نام اور چہرے تو بدل گئے، اقتدار کے طریقے اور حکمرانی کے رویے زیادہ نہیں بدلے۔ سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں ہوں تو جمہوریت، آزادیٔ اظہار اور عوامی حقوق کی علمبردار بن جاتی ہیں، مگر اقتدار میں آتے ہی اختلافِ رائے انہیں بغاوت محسوس ہونے لگتا ہے۔ یہی دوہرا معیار ہماری سیاسی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔
آج ملک جس سیاسی دوراہے پر کھڑا ہے، وہاں حکومت کی کارکردگی اور اپوزیشن کی حکمتِ عملی دونوں سوالات کی زد میں ہیں۔ موجودہ حکمران اتحاد کے پاس اقتداراور پارلیمانی اکثریت موجود ہے مگر اختیارات نہیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف اوربانی پی ٹی آئی کی سیاست بھی ایک ایسے بحران سے دوچار ہے جس میں مزاحمت، مقبولیت، سیاسی ضد اور حکمتِ عملی کے درمیان توازن قائم کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس تمام صورتحال میں سب سے اہم کردار مقتدرہ کا ہے، جس کے سیاسی معاملات میں اثر و رسوخ پر مسلسل بحث ہوتی رہی ہے۔ پاکستان کی سیاست میں یہ سوال نیا نہیں کہ منتخب حکومتیں اپنے فیصلے خود کرتی ہیں یا ان کے فیصلوں کے پیچھے کوئی دوسرا مرکز بھی موجود ہوتا ہے۔ جمہوری نظام کا بنیادی تقاضا یہ ہے کہ سیاسی فیصلے عوام کے منتخب نمائندے کریں، ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں اور تمام ادارے ایک دوسرے کے اختیارات کا احترام کریں۔ لیکن جب سیاسی جماعتیں اقتدار حاصل کرنے یا برقرار رکھنے کے لیے غیر سیاسی قوتوں کی حمایت کی محتاج ہو جائیں تو جمہوری ادارے کمزور اور سیاسی قیادت غیر مؤثر ہو جاتی ہے۔ موجودہ سیاسی بندوبست میں بھی یہی سوال شدت سے موجود ہے۔ کیا حکمران جماعتیں اپنی عوامی مقبولیت اور کارکردگی کے بل پر کھڑی ہیں؟ کیا اپوزیشن اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی پوزیشن میں ہے؟ اور کیا مقتدرہ واقعی موجودہ سیاسی بندوبست سے مطمئن ہے؟ سیاسی حلقوں میں نئے چہروں، نئی صف بندیوں اور نئے سیاسی انتظام کی باتیں ہو رہی ہیں، لیکن کسی حتمی تبدیلی یا نئے سیاسی گھوڑوں کی تیاری کو ثابت شدہ حقیقت قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ البتہ یہ ضرور دکھائی دیتا ہے کہ موجودہ سیاسی کشمکش نے ایک نئے بندوبست کی قیاس آرائیوں کو تقویت دی ہے۔
حالیہ واقعات اس بات کا بھی اشارہ دیتے ہیں کہ سیاسی دباؤ کے باوجود پس پردہ رابطوں اور ممکنہ مفاہمت کی ضرورت کو مکمل طور پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بارہ نومبر کو عمران خان کی دو بہنوں کی رہائی اور ان سے پہلے عمران خان کی طبیعت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات نے سیاسی ماحول میں ایک نئی بحث کو جنم دیا۔ اگلے روز حکومتی حلقوں کی جانب سے تحریک انصاف کے لیے ممکنہ نرمی اور بعض گرفتار افراد کی رہائی کے امکانات پر بھی گفتگو سامنے آئی۔ تاہم ان اقدامات کو کسی بڑے سیاسی معاہدے یا حتمی مفاہمت کا ثبوت قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ وقتی دباؤ کم کرنے کی کوشش ہے یا سیاسی درجہ حرارت کم کرکے کسی نئے مذاکراتی عمل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے؟ جو بھی ہو رہا ہے،اس سب میں زیادہ افسوس ناک صورتحال عام شہری کی ہے، جو سیاسی تماشے کا تماشائی بھی ہے اور اس کی قیمت ادا کرنے والا بھی۔ بہرحال بڑی خوبصورتی سے ایک بار پھر عوام کو پرانا طریقہ واردات استعمال کرتے ہوئے نئے سوالات کی تلاش پر لگا دیا گیا ہے۔ اگلا وزیراعظم کون ہوگا، اگلی حکومت کس جماعت کی ہوگی یا سیاسی بساط پر کون سا نیا مہرہ متعارف کرایا جائے گا۔ کیا پاکستان میں حکمرانی کا طریقہ بدلے گا؟ کیا سیاسی جماعتیں اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں گی؟ کیا پارلیمنٹ محض قانون سازی کی عمارت کے بجائے قومی مسائل کے حل کا حقیقی مرکز بنے گی؟ کیا عدلیہ بلاامتیاز انصاف فراہم کر سکے گی؟ کیا انتظامیہ سیاسی دباؤ سے آزاد ہو کر عوام کی خدمت کرے گی؟ کیا احتساب کا نظام مخالفین کو کچلنے کے بجائے اپنے اور پرائے سب کے لیے یکساں ہوگا؟ اور کیا ریاست کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے؟تقریبا ہر بار انہی سوالات کی گنجھلوں میں عوامی ذہن کو الجھا کر اپنی طاقت کا تسلسل برقرار رکھا جاتا ہے۔ حالانکہ پاکستان کو اس وقت کسی نئے سیاسی تماشے، کسی مصنوعی مقبولیت، کسی عارضی نجات دہندہ یا چند نئے چہروں کی نہیں بلکہ ایک نئے سیاسی اور انتظامی شعور کی ضرورت ہے۔ حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، اپوزیشن کو محض احتجاج سے آگے بڑھ کر قابلِ عمل متبادل دینا ہوگا اور مقتدرہ کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ پائیدار استحکام عوام کے منتخب نمائندوں، مضبوط جمہوری اداروں اور آئین کی بالادستی ہی سے ممکن ہے۔
تاریخ کا سبق بڑا واضح ہے۔ اقتدار ہمیشہ کسی کے پاس نہیں رہتا، تخت بدلتے ہیں، چہرے بدلتے ہیں، وفاداریاں بدلتی ہیں اور سیاسی نعرے بھی بدل جاتے ہیں، مگر قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب ان کے نظام میں انصاف، میرٹ، دیانت اور جواب دہی مستقل اقدار بن جائیں۔ اگر ایک بار پھر پرانے گھوڑوں کی جگہ نئے گھوڑے میدان میں اتار دیے گئے، پرانے نعروں کی جگہ نئے نعرے لگا دیے گئے اور عوام کو ایک نئے خواب کے پیچھے لگا دیا گیا تو شاید چند لوگوں کی قسمت ضرور بدل جائے، مگر پاکستان کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ آخر کب تک اس قوم کو تبدیلی کے نام پر چہروں کی تبدیلی دکھائی جاتی رہے گی؟ کب تک عوام قربانی دیتے رہیں گے اور حکمران اقتدار کے ثمرات سمیٹتے رہیں گے؟ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم یہ سوال کرے کہ ہمیں نیا حکمران چاہیے یا نیا نظام؟ کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ جب تک نظام نہیں بدلے گا،عوام کی قسمت نہیں بدلے گی۔