اس رائیل میں 28 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات کے دو ہفتے بعد بھی نئی حکومت تشکیل نہیں پاسکی۔ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے اتحادی اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ، دونوں پارلیمان میں حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس صورتحال میں اس ر-ائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کا موقع دیا ہے، جو ممکنہ اتحادی جماعتوں، بشمول عرب جماعتوں، سے مذاکرات کررہے ہیں۔ تاہم نئی حکومت کے قیام تک نیتن یاہو عبوری وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ اگر آئزن کوٹ حکومت بنانے میں ناکام رہے تو صدر دوبارہ نیتن یاہو کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دے سکتے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس رائیل کے بنیادی قانون کے آرٹیکل 30 کے تحت موجودہ حکومت نئی حکومت کے حلف اٹھانے تک ریاستی امور چلانے کا اختیار رکھتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نیتن یاہو عبوری وزیراعظم ہونے کے باوجود ملکی انتظامی معاملات، قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور فوج سے متعلق اہم فیصلے کرسکتے ہیں۔ انہیں سکیورٹی اداروں میں نئی تقرریوں اور دیگر حفاظتی اقدامات کا اختیار بھی حاصل ہے۔ اس رائیل کا داخلی خفیہ ادارہ شن بیت بھی بدستور براہ راست وزیراعظم کو جوابدہ ہے۔
فوجی کارروائیوں اور جنگ کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس رائیلی قانون کے آرٹیکل 40 کے تحت نئی جنگ شروع کرنے کے لیے کابینہ کی منظوری ضروری ہے، وزیراعظم اکیلے جنگ شروع کرنے کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ تاہم ماہرین کے مطابق ایران اور لبنان جیسے پہلے سے موجود تنازعات میں اس رائیلی حکومت کے فیصلے اور سکیورٹی معلومات کی کابینہ کے سامنے پیشکش اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ چونکہ گادی آئزن کوٹ اور ان کے اتحادی موجودہ سکیورٹی کابینہ کا حصہ نہیں ہیں، اس لیے نیتن یاہو کو ان معاملات میں فیصلہ سازی پر نمایاں اثرورسوخ حاصل ہے۔
دوسری جانب عبوری حکومت کے اختیارات کے باوجود نیتن یاہو کو قانون سازی کے معاملات میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ وہ اپنے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمے سے تحفظ کے لیے نئی قانون سازی نہیں کرسکتے۔ تاہم ان کے مالی اور انتظامی فیصلے آنے والی حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ الجزیرہ سے گفتگو میں تجزیہ کاروں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ نیتن یاہو اپوزیشن اتحاد میں اختلافات پیدا کرکے اپنی سیاسی پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس رائیل میں عبوری وزیراعظم کو قانونی طور پر وسیع اختیارات حاصل رہتے ہیں، تاہم جمہوری روایات کے تحت ان سے بڑے سیاسی اور جنگی فیصلوں میں احتیاط اور تحمل کی توقع کی جاتی ہے۔