امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی حصے میں جمعے کو بھڑکنے والی ایک تیز رفتار آگ نے کئی ساحلی گھروں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اورنج کاؤنٹی میں لگنے والی “نورٹے فائر” سان کلیمنٹے سے شروع ہو کر سان جوان کیپسٹرانو تک پھیل گئی۔
فائر حکام کے مطابق آگ جمعے کو دوپہر کے وقت بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے 465 ایکڑ تک پھیل گئی۔ اورنج کاؤنٹی فائر اتھارٹی کے ڈویژن تھری کے فائر چیف مارک بیکوف نے بتایا کہ چھ گھر تباہ یا متاثر ہو چکے ہیں۔
اورنج کاؤنٹی فائر اتھارٹی کے چیف ٹی جے میک گوورن کے مطابق جمعے کی شام تک تقریباً 16 ہزار رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا جا چکا تھا۔ دونوں شہروں میں پناہ گاہیں کھول دی گئی ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹر اور زمینی عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کئی لوگوں نے انخلا کا حکم ماننے سے پہلے اپنے گھروں پر پانی چھڑکنے کی کوشش بھی کی۔
آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو فائر فائٹرز زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق 500 سے زائد فائر فائٹرز تعینات ہیں اور مزید نفری بھی راستے میں ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کیل فائر کر رہا ہے۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے ریاستی ایمرجنسی سروسز اور کیل فائر کو ہدایت کی ہے کہ فائر فائٹرز، انجن اور طیارے متاثرہ علاقے میں بھیجے جائیں۔ سدرن کیلیفورنیا ایڈیسن نے تیز ہواؤں کے پیش نظر حفاظتی طور پر بجلی بند کی، جس سے تقریباً 1 لاکھ 34 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔
یہ آگ سانتا آنا ہواؤں کی زد میں آنے والی کئی آگوں میں سے ایک ہے۔ یہ گرم اور تیز ہوائیں عموماً خزاں میں چلتی ہیں، جب طویل خشک موسم کے بعد جھاڑیاں سب سے زیادہ سوکھی ہوتی ہیں۔ سان ڈیاگو کاؤنٹی میں “ہینڈرسن فائر” بھی تقریباً 2,080 ایکڑ رقبہ جلا چکی ہے۔ ادھر مالیبو میں “برائسن فائر” کے باعث 7 ہزار سے زائد عمارتیں انخلا کے احکامات یا وارننگ کی زد میں آ گئیں۔