ازبکستان کا رواں سال کراچی کیلئے براہ راست نیا روٹ متعارف کروانے کا اعلان

ازبک سفیر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے کیلئے ازبکستان اور کراچی کے درمیان پرواز کا نیا روٹ متعارف کروانے کا اعلان کیا ۔
ازبکستان کے سفیر نے کراچی کے سرکاری دورے کے دوران ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجر برادری سے ملاقات میں ازبکستان اور پاکستان کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں پر مبنی تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی ۔
ازبک سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی تعاون کو بڑھانے کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہیں ۔ ان کا کہنا تھا ازبکستان نے ستمبر 2023 ء میں پاکستانیوں کیلئے آسان ویزا نظام نافذ کیا تھا جس سے کاروباری اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ۔ اسی حوالے سے تاشقند اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کے باعث دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملی ۔
تجارتی تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 5 سال میں باہمی تجارت میں تین گنا تک اضافہ ہوا ہے جو 2023 ء میں 387 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ۔
ان کا کہنا تھا ، گزشتہ سال جون میں تاشقند میں”میڈ اِن پاکستان“ سنگل کنٹری نمائش کامیاب رہی ۔ جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کو نیا تجارتی پلیٹ فارم میسر آیا ۔ انہوں نے اسی منصوبے کے تحت رواں برس کراچی میں “میڈ ان ازبکستان” صنعتی نمائش کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔
ازبک سفیر نے کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد کو ازبکستان کا دورہ کرنے اور بخارا، سردریا، سورکھوندریا اور کاشکدریہ جیسے خطوں میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں