ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے اپنے پیغام میں ملک کے تمام شہریوں اور دنیا بھر میں مقیم ہم وطنوں کو نئے سال 2025 کی مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے عالمی چیلنجز کے باوجود ، سال ازبکستان کے لیے خوشحالی کا حامل رہا۔ انہوں نے عوام کی محنت، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “نئے ازبکستان” کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔
اہم کامیابیاں
انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی اور مقامی انتخابات نے جمہوری اصلاحات کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔ ملک میں جدید صنعتی کمپلیکس، بنیادی ڈھانچے، شاہراہیں، اور ریلوے نیٹ ورکس کی تعمیر ہوئی ہے، جبکہ کاروبار، آئی ٹی، اور سیاحت کے شعبے بھی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی آمدنی اور معیار زندگی میں بہتری آ رہی ہے۔ زراعت کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، اور ملک کے ہر کونے میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیلوں، تعلیم، اور دیگر شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اولمپک اور پیرالمپک گیمز میں ازبکستان کے نئے ریکارڈز کا حوالہ دیا۔
صدر نے کہا کہ سول سوسائٹی اداروں، محلہ کمیٹیوں، اور روحانی و تعلیمی میدانوں میں بھی ترقی جاری ہے، اور ازبکستان کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو سراہا۔
ماحولیاتی تحفظ اور سبز معیشت کا سال
صدرشوکت مرزائیوف نے اعلان کیا کہ 2025 کو ملک میں “ماحولیاتی تحفظ اور سبز معیشت کا سال” قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور ماحول کے درمیان توازن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے تنخواہوں، پنشن، اسکالرشپ اور دیگر فوائد میں اضافے کا وعدہ کیا۔ اس کے علاوہ تعلیم، صحت، ثقافت، کھیل، اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج اور ان کے اہلخانہ کی بہبود کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
عوام کے لیے نیک تمنائیں
اپنے پیغام کے اختتام پر، صدر نے تمام ہم وطنوں کو صحت، خوشحالی اور ترقی کی دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر انسانیت کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کرے کہ ہمارے تمام خواب اور امیدیں پوری ہوں اور ہمارا پیارا ازبکستان ہمیشہ ترقی کرے۔