بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن کی وطن واپسی کی خواہش، سکیورٹی ملنے پر مقدمات کا سامنا اور الوداعی سیریز کھیلنے کو تیار

بنگلہ دیش کے معروف کرکٹر شکیب الحسن نے کہا ہے کہ اگر حکومت ان کی سکیورٹی کی ضمانت دے تو وہ دو سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس جانے، مقدمات کا سامنا کرنے اور الوداعی سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شکیب الحسن، جو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ بھی رہ چکے ہیں، اگست 2024 میں حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے امریکہ میں مقیم ہیں۔

39 سالہ شکیب نے کہا کہ وہ ابھی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے اور چاہتے ہیں کہ وطن واپسی کے بعد الوداعی سیریز کھیلیں اور 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کریں۔

شکیب الحسن نے رائٹرز کو بتایا کہ اگر حکومت انہیں واپسی کے لیے کلیئرنس دیتی ہے اور سکیورٹی یقینی بناتی ہے تو وہ عدالتوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔
شکیب کے خلاف بنگلہ دیش میں مقدمات درج ہیں، جن میں احتجاج کے دوران ایک شخص کے قتل کا الزام بھی شامل ہے۔ سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ ان پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2024 کے آخر میں وہ حکومتی یقین دہانی کے بعد بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم دورانِ سفر انہیں واپسی کا کہا گیا اور وہ دبئی سے دوبارہ امریکہ چلے گئے۔

شکیب نے کہا کہ بعد میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے بعد بھی ان کی واپسی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی لیگ سے اپنی وابستگی ختم کرنے پر غور نہیں کریں گے۔

بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ شکیب الحسن کو قانون کے مطابق عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم طارق رحمان کے ترجمان کے مطابق شکیب سابق حکومت کا حصہ رہے ہیں اور انہیں قانونی عمل سے گزرنا ہوگا۔

شکیب الحسن نے شیخ حسینہ کے ساتھ نئی دہلی میں ہونے والی ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف امن اور بنگلہ دیش کی ترقی کی بات کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے بینک اکاؤنٹس تقریباً ڈیڑھ سال سے منجمد ہیں اور وہ اپنے والدین سے بھی دو سال سے نہیں مل سکے، جو بنگلہ دیش میں موجود ہیں۔

شکیب الحسن نے کہا کہ وہ کرکٹ کھیلنے سے اب بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، تاہم عمر ان کے حق میں نہیں اور وہ زیادہ دیر تک ریٹائرمنٹ مؤخر نہیں کر سکتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں