فیفا نے ورلڈکپ سیمی فائنل کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی جانب سے فاک لینڈ جزائر سے متعلق سیاسی بینر دکھانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ارجنٹینا نے اٹلانٹا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی، جس کے بعد ارجنٹینا کے بعض کھلاڑیوں نے میدان میں ایک بینر لہرایا۔ بینر پر ہسپانوی زبان میں لکھا تھا: “مالویناس ارجنٹینا کے ہیں۔” یہ جملہ فاک لینڈ جزائر سے متعلق ارجنٹینا اور برطانیہ کے پرانے خودمختاری تنازع کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی لیساندرو مارٹینز اور متبادل کھلاڑی جیووانی لو سیلسو نے فتح کے بعد یہ بینر لہرایا۔
فیفا کے ترجمان نے کہا ہے کہ آزاد تادیبی کمیٹی میچ رپورٹس اور متعلقہ حالات کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد فیفا کے ضابطے کے تحت ممکنہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ فیفا کے اسٹیڈیم ضابطہ اخلاق کے تحت کھیل کے دوران سیاسی، نظریاتی، مذہبی یا توہین آمیز پیغامات دکھانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ رپورٹس کے مطابق سیاسی پیغامات پر فیفا عموماً 5 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک جرمانہ کر سکتا ہے۔
برطانیہ میں اس معاملے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ برطانوی وزیر پیٹر کائل نے فیفا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو فٹبال سے الگ رہنا چاہیے، کیونکہ ورلڈکپ کا ایک بنیادی اصول یہی ہے کہ کھیل کو سیاسی پیغامات سے دور رکھا جائے۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ ورلڈکپ شاید برطانیہ کا نہ ہو، مگر فاک لینڈ جزائر برطانیہ کے ہیں۔ برطانوی حکومت کے مطابق فاک لینڈ کے باشندوں کا حق خود ارادیت بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ان جزائر سے برطانیہ کی وابستگی کمزور نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ارجنٹینا کے صدر خاویر میلی نے کھلاڑیوں کے اس عمل کو قابلِ فہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغام ارجنٹینا کے عوام کے مشترکہ جذبات کی عکاسی کرتا ہے، تاہم فیفا ممکنہ طور پر ٹیم پر جرمانہ عائد کر سکتا ہے۔
فاک لینڈ جزائر پر ارجنٹینا اور برطانیہ کے درمیان تنازع کئی دہائیوں سے جاری ہے۔1982 میں ارجنٹینا نے جنوبی بحر اوقیانوس میں واقع ان جزائر پر قبضہ کیا تھا، جس کے بعد برطانیہ نے فوجی کارروائی کے ذریعے دوبارہ کنٹرول حاصل کیا۔ اس جنگ میں 649 ارجنٹینی اور 255 برطانوی شہری و فوجی مارے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے وزیر خارجہ نے ورلڈکپ سیمی فائنل کے بعد فاک لینڈ کے قریب برطانوی جنگی جہاز کی نقل و حرکت پر بھی احتجاج کیا۔ ارجنٹینا نے برطانوی جہاز کی گزرگاہ کو غیر قانونی قرار دیا، جبکہ برطانیہ اس مؤقف کو مسترد کرتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے فاک لینڈیا مالویناس سے متعلق پیغام دکھایا ہو۔ 2014 میں بھی ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے ورلڈکپ سے پہلے ایک وارم اپ میچ میں یہی نعرہ دکھایا تھا۔ اس وقت فیفا نے ارجنٹینا فٹبال فیڈریشن پر 30 ہزار سوئس فرانک، یعنی تقریباً 37 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا۔
ارجنٹینا اتوار کو اسپین کے خلاف ورلڈکپ فائنل کھیلے گا۔