ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کم بیک کے بعد اپنی ٹیم کے عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ارجنٹینا نے اٹلانٹا میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
انگلینڈ نے دوسرے ہاف میں برتری حاصل کی، مگر ارجنٹینا نے آخری لمحات میں زبردست دباؤ ڈالا اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ اسکالونی نے کہا کہ ان کی ٹیم مشکل حالات میں اپنا بہترین کھیل پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انگلینڈ برتری لینے کے بعد پیچھے ہٹ گیا تو ارجنٹینا نے محسوس کیا کہ موقع موجود ہے، اس لیے ٹیم نے پوری طاقت سے اٹیک کیا۔
اسکالونی کے مطابق ارجنٹینا نے کراس بار اور گول پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا، کئی مواقع ضائع ہوئے، مگر ٹیم آخری لمحے تک لڑتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ اس ٹیم کی اصل طاقت ہے۔
یہ دوسرا موقع تھا کہ ارجنٹینا نے ناک آؤٹ مرحلے میں پیچھے رہنے کے باوجود مقابلہ جیتا۔ اس سے قبل ارجنٹینا نے مصر کے خلاف بھی ڈرامائی انداز میں واپسی کی تھی، جسے اسکالونی نے اس وقت تاریخی فتح قرار دیا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انگلینڈ کے خلاف کامیابی کو وہ کیسے بیان کریں گے، تو انہوں نے اسے “تاریخ سے بھی بڑھ کر تاریخ” قرار دیا۔
اسکالونی نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق ارجنٹینا کی یہ ٹیم بھائی چارے، اتحاد اور آخری لمحے تک مقابلہ کرنے کی مثال ہے۔
ارجنٹینا اب اتوار کو نیو جرسی میں اسپین کے خلاف ورلڈ کپ کا فیصلہ کن مقابلہ کھیلے گا۔ اسکالونی کے پاس اب موقع ہے کہ وہ ارجنٹینا کو مسلسل چوتھا بڑا اعزاز دلوائیں، کیونکہ ان کی قیادت میں ٹیم پہلے دو کوپا امریکا اور 2022 کا ورلڈکپ کپ جیت چکی ہے۔
اسکالونی نے کہا کہ ان کے کھلاڑی کسی دباؤ سے نہیں ڈرتے اور ایسا کھیلتے ہیں جیسے بچپن میں کھیل رہے ہوں۔ ان کے مطابق کھلاڑی یہ نہیں سوچتے کہ اگر موقع ضائع ہو گیا تو کیا ہوگا، بلکہ وہ میدان میں آزاد ذہن کے ساتھ کھیلتے ہیں۔
ارجنٹینا کی اس فتح نے انگلینڈ کی ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے کی امید ختم کر دی۔