‘شکست وقار کے ساتھ برداشت کرنی چاہیے’، ایمباپے نے ٹیم کی حکمتِ عملی کو سیمی فائنل میں شکست کی وجہ قرار دیا

فرانس کے کپتان کائلین ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل مقابلے میں اسپین کے ہاتھوں شکست کی وجہ حکمتِ عملی اور فنی غلطیوں کو قرار دیا ہے۔

دالس میں کھیلے گئے مقابلے میں اسپین نے فرانس کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

ایمباپے نے مقابلے کے بعد کہا کہ فرانس وہ کھیل پیش نہیں کر سکا جو وہ کھیلنا چاہتا تھا، نہ حکمتِ عملی کے اعتبار سے، نہ فنی لحاظ سے اور نہ ہی مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے۔ ان کے مطابق ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے میں اگر کوئی ٹیم اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرے تو کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔

ایمباپے نے کہا کہ فرانس کا منصوبہ یہ تھا کہ اسپین کو میدان کے اوپر والے حصے میں دباؤ میں رکھا جائے تاکہ وہ اپنی سست اور منظم رفتار میں کھیل پر قابو نہ پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسپین کھیل پر گرفت رکھنے میں فرانس سے بہتر ہے، اسی لیے فرانس کو اسے ابتدا ہی سے روکنا تھا، مگر فرانسیسی ٹیم ایسا نہ کر سکی۔

ایمباپے کے مطابق فرانس کو درمیانی حصے میں بھی مشکلات پیش آئیں، جہاں اسپین کے کھلاڑی عددی برتری حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر فرانس کے دو کھلاڑیوں کے مقابلے میں اسپین کے تین کھلاڑی موجود تھے، اور اسپین جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف یہ بڑی کمزوری ثابت ہوئی۔

فرانس کے لیے یہ شکست اس لیے بھی تکلیف دہ رہی کہ ایمباپے مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کے خواہاں تھے۔

ایمباپے نے سیمی فائنل سے پہلے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور اور 8 گول کیے۔ تاہم اسپین کے خلاف وہ کوئی بڑا اثر نہ ڈال سکے اور فرانس کو شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہونا پڑا۔

ایمباپے نے کہا کہ فرانس کے لیے فائنل تک پہنچنا ایک خواب تھا، تاکہ ملک کے عوام کو مزید خواب دیکھنے کا موقع ملتا اور تاریخ رقم کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شکست کو سر اٹھا کر قبول کرنا ہوگا، کیونکہ جس طرح کامیابی وقار کے ساتھ حاصل کی جاتی ہے، اسی طرح شکست بھی وقار کے ساتھ برداشت کرنی چاہیے۔

فرانسیسی کپتان نے کہا کہ اس وقت ٹیم میں شدید مایوسی ہے اور وہ خود بھی اس دکھ کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق فٹبال کسی کا انتظار نہیں کرتا، اس لیے فرانس کو اس ناکامی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ایمباپے نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اب خود کو سنبھالنا، آرام کرنا اور اگلے مرحلے کے لیے دوبارہ آغاز کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں