آسٹریلیا کی مشہور ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک لیگ، بگ بیش لیگ کا نیا سیزن اس بار بھارت میں شروع ہو گا۔میلبرن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان افتتاحی میچ 12 دسمبر کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہو گا کہ بگ بیش لیگ کا کوئی میچ آسٹریلیا سے باہر منعقد کیا جائے گا۔
اس میچ کی تصدیق جمعہ کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کی گئی، جس میں آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک تھے۔
ایسوسی ایٹڈپریس کے مطابق، بگ بیش لیگ حکام کو امید ہے کہ چنئی کے 38 ہزار نشستوں والے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں شائقین میچ دیکھنے آئیں گے۔ رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں یہ میچ شام کے وقت ہو گا، جبکہ بھارت میں یہ دوپہر میں کھیلا جائے گا۔
یہ میچ پرتھ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام کے بعد شروع ہو گا۔
رائٹرز کے مطابق بگ بیش لیگ کے اس تاریخی فیصلے کو بھارت کی بڑی کرکٹ مارکیٹ تک رسائی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق بھارت میں میچ کرانے سے بگ بیش لیگ کی عالمی پہچان، ناظرین کی تعداد اور تجارتی امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔