فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں پرتگال اور کروشیا کے اہم مقابلے سے قبل ٹورنٹو میں کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔
پرتگالی ٹیم کی آمد کے موقع پر سیکڑوں مداح سڑکوں، چوراہوں، ہوٹل کے باہر اور ٹریننگ گراؤنڈ کے قریب جمع ہو گئے تاکہ 41 سالہ فٹبال اسٹار کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔
رونالڈو آخری بار اگست 2009 میں ٹورنٹو آئے تھے، جب ریال میڈرڈ نے ٹورنٹو ایف سی کے خلاف دوستانہ میچ کھیلا تھا۔ اتفاق سے پرتگال اور کروشیا کا ورلڈ کپ مقابلہ بھی اسی شہر کے اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ پرتگالی ٹیم کے ٹورنٹو پہنچتے ہی شہر میں رونالڈو فیور دکھائی دینے لگا۔ بائیکرز گروپس نے ٹیم بس کو ہوٹل تک اسکواڈ کیا، جبکہ ہوٹل اور ٹریننگ گراؤنڈ کے باہر مداح پرتگال کی سرخ نمبر 7 جرسیوں میں موجود رہے۔
یہ مقابلہ رونالڈو کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ ممکنہ طور پر ان کا آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے، اور اگر پرتگال ناک آؤٹ مرحلے میں ہار گیا تو یہ ان کا آخری ورلڈ کپ میچ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ میچ کے ٹکٹوں کی قیمتیں بہت زیادہ ہونے کے باعث کئی عام فٹبال شائقین اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔ ری سیل پلیٹ فارمز پر ٹکٹوں کی اوسط قیمت 2500 سے 3500 کینیڈین ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ بعض ٹکٹ 30 ہزار کینیڈین ڈالر تک بھی دیکھے گئے۔
ٹورنٹو میں پرتگالی نژاد کینیڈین کمیونٹی کے لیے یہ میچ صرف فٹبال مقابلہ نہیں بلکہ اپنی شناخت، ثقافت اور جذبات سے جڑا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ شہر کے علاقے لٹل پرتگال میں گھروں، دکانوں اور گاڑیوں پر پرتگال اور کینیڈا کے جھنڈے لگے ہوئے ہیں، جہاں شائقین اس مقابلے کو ایک نسل در نسل یادگار لمحہ قرار دے رہے ہیں۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ پرتگال کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق نہیں کھیلی، لیکن انہیں امید ہے کہ رونالڈو اور ان کی ٹیم کروشیا کے خلاف کامیابی حاصل کر لیں گے۔
کروشیا کے خلاف یہ میچ پرتگال کے لیے ایک بڑا امتحان ہو گا، جبکہ شائقین کی نظریں اس بات پر بھی ہوں گی کہ آیا رونالڈو اس ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنا پہلا گول کر پاتے ہیں یا نہیں۔