بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان 52 سال بعد ممبئی کے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس چھوڑ کر نئی رہائش گاہ میں منتقل ہو سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو باندرہ میں سمندر کے قریب 6 منزلہ رہائشی عمارت تعمیر کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ نئی عمارت گلیکسی اپارٹمنٹس سے کچھ فاصلے پر باندرہ کے چمبائی علاقے میں تعمیر کی جائے گی۔ جس پلاٹ پر عمارت بنے گی، وہ سلمان خان کی والدہ سلمیٰ خان کے نام پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی نے 16 جون کو اس تعمیراتی منصوبے کی منظوری دی۔
نئی عمارت میں گراؤنڈ فلور، اسٹلٹ پارکنگ اور 6 بالائی منزلیں شامل ہوں گی، جبکہ اس کا مجموعی تعمیراتی رقبہ 1014 مربع میٹر بتایا گیا ہے۔ سلمان خان اور ان کا خاندان 1974 سے گلیکسی اپارٹمنٹس میں مقیم ہے۔ سلمان خان کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انہیں اس فلیٹ سے بے حد لگاؤ ہے، کیونکہ ان کے والدین اسی عمارت میں رہتے ہیں اور ان کے بچپن کی بے شمار یادیں اس گھر سے جڑی ہیں۔
2024 میں گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی اور انہیں وائی پلس سکیورٹی فراہم کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد سلمان خان نے گھر میں بلٹ پروف شیشے اور دیگر حفاظتی اقدامات بھی کیے تھے۔
تاہم سلمان خان یا ان کے خاندان کی جانب سے گلیکسی اپارٹمنٹس چھوڑنے سے متعلق ابھی کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔