فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے اختتامی مراحل کے ساتھ ہی ناک آؤٹ مرحلے کی تصویر واضح ہونا شروع ہوگئی ہے۔ پہلی مرتبہ 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں راؤنڈ آف 32 متعارف کرایا گیا ہے، جہاں 12 گروپس کی ٹاپ دو ٹیموں کے ساتھ 8 بہترین تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں بھی جگہ بنائیں گی۔
الجزیرہ کے مطابق راؤنڈ آف 32 کے مقابلے 28 جون سے 3 جولائی تک کھیلے جائیں گے، جبکہ اس کے بعد راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن کا میچ اور 19 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔
راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنانے والی ٹیمیں
اب تک مجموعی طور پر 18 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
گروپ اے سے میزبان میکسیکو پہلے نمبر پر رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا، جبکہ جنوبی افریقہ نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
گروپ بی سے سوئٹزرلینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، کینیڈا دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ بوسنیا و ہرزیگووینا بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں شامل ہو کر اگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔
گروپ سی میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مراکش بھی 7 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔
گروپ ڈی سے میزبان امریکا نے آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے بعد جلد ہی اپنی جگہ یقینی بنا لی، جبکہ آسٹریلیا بھی دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
گروپ ای میں جرمنی نے ابتدائی دو فتوحات کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی، جبکہ آئیوری کوسٹ دوسرے نمبر پر اور ایکواڈور بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں شامل ہو کر راؤنڈ آف 32 میں پہنچ گیا۔
گروپ ایف سے نیدرلینڈز 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، جاپان دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ سویڈن بھی بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں شامل ہو گیا۔
گروپ آئی میں فرانس اور ناروے دونوں نے اپنی اپنی دوسری کامیابی کے بعد اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔
گروپ جے سے دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے مسلسل فتوحات کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔ اسی دوران لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف دو گول کرکے ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر 18 گول مکمل کیے اور آل ٹائم ریکارڈ قائم کیا۔
گروپ کے سے کولمبیا نے بھی اپنی جگہ پکی کر لی۔
اب تک ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ٹیمیں
اب تک 8 ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی ہیں۔
ان میں ہیٹی، ترکیہ، تیونس، اردن، پاناما، قطر، چیکیا اور کیوراساؤ شامل ہیں، جو گروپ مرحلہ عبور کرنے میں ناکام رہیں۔
2026 ورلڈ کپ میں نیا فارمیٹ
رواں ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شریک ہیں، جس کے باعث ناک آؤٹ مرحلہ راؤنڈ آف 16 کے بجائے راؤنڈ آف 32 سے شروع ہوگا۔
فیفا نے اس مرتبہ گروپ مرحلے میں پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں ایک اہم تبدیلی بھی کی ہے۔ پہلے گول فرق کو ترجیح دی جاتی تھی، لیکن اب سب سے پہلے باہمی مقابلوں (ہیڈ ٹو ہیڈ) کا ریکارڈ دیکھا جائے گا۔ اگر اس سے بھی فیصلہ نہ ہو سکے تو مجموعی گول فرق، کیے گئے گول، فیئر پلے ریکارڈ اور آخر میں فیفا ورلڈ رینکنگ کو بنیاد بنایا جائے گا۔
اسی طرح تیسرے نمبر پر آنے والی 8 بہترین ٹیموں کا انتخاب مجموعی پوائنٹس، گول فرق، کیے گئے گول، فیئر پلے ریکارڈ اور ضرورت پڑنے پر فیفا رینکنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
گروپ مرحلے کے اختتام کے ساتھ مزید ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ بھی آئندہ چند گھنٹوں میں ہو جائے گا، جس کے بعد راؤنڈ آف 32 کا مکمل شیڈول سامنے آ جائے گا۔