فیفا نے قطر کے فٹبالر عاصم مدیبو پر کینیڈا کے مڈفیلڈر اسماعیل کونے کو شدید زخمی کرنے پر پانچ میچز کی پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ واقعہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ بی میں کینیڈا اور قطر کے میچ کے دوران پیش آیا تھا، جس میں کینیڈا نے قطر کو 0-6 سے شکست دی تھی۔ مدیبو کو میچ کے دوران کونے پر خطرناک ٹیکل کے بعد براہِ راست ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔ اس ٹیکل کے نتیجے میں کینیڈین کھلاڑی کی بائیں ٹانگ کی ٹبیا اور فبولا ہڈیاں ٹوٹ گئیں، جس کے بعد ان کی سرجری کی گئی۔
فیفا ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق یہ پابندی سنگین فاؤل پلے کی بنیاد پر لگائی گئی ہے، تاہم فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔
اس پابندی کے باعث عاصم مدیبو قطر کے باقی ورلڈ کپ میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔ قطر کو بعد میں بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے خلاف بھی 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
زخمی ہونے کے بعد اسماعیل کونے کو اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا، تاہم انہوں نے شائقین کی حمایت کا جواب ہاتھ ہلا کر دیا۔
کینیڈا کے کوچ جیسی مارش کے مطابق عاصم مدیبو میچ کے بعد کونے کے ڈریسنگ روم میں گئے اور ذاتی طور پر معافی مانگی۔
بعد ازاں مدیبو اور قطر کے وزیرِ کھیل نے کونے کی عیادت بھی کی۔ قطر فٹبال ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ ملاقات کھیل کی روح اور باہمی احترام کی علامت ہے۔اسماعیل کونے نے سوشل میڈیا پر اپنے لیے دعائیں اور حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔