تاشقند میں “آل اِن ون سوشل کارڈ” کا آزمائشی منصوبہ شروع

صدارتی ترجمان شیرزود اسدوف نے اپنے ٹیلی گرام پوسٹ میں بتایا کہ ‘آل اِن ون سوشل کارڈ’ کا آزمائشی منصوبہ یکم جنوری سے یکم جولائی تک تاشقند شہر اور یانگی یول ضلع میں شروع کیا جائے گا، جبکہ سال کے اختتام تک یہ کارڈ پورے ملک میں متعارف کروا یا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ، یہ سوشل کارڈ ایک ایسا جامع نظام ہوگا جو 65 قسم کی سماجی خدمات اور معاونت فراہم کرنے کے لیے 10 سے زیادہ دستاویزات کی جگہ استعمال ہو سکے گا، جن میں پیدائشی سرٹیفکیٹ، معذوری سرٹیفکیٹ، پنشن، طلبہ سرٹیفکیٹ، اور بینک کارڈ وغیرہ شامل ہیں۔
سوشل کارڈ کے ذریعے صارفین کو بس اور میٹرو میں مفت سفر، بجلی اور گیس کے لیے ری فنڈ، ٹیوشن فیس میں رعایت، اور دیگر مراعات اور معاونت براہ راست کارڈ پر منتقل کی جائیں گی۔
اس سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ، تمام سماجی معاونت یکم اکتوبر سے ‘سوشل کارڈ’ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
یہ نیا کارڈ نہ صرف سماجی معاونت حاصل کرنے اور مراعات سے فائدہ اٹھانے کو آسان بنائے گا، بلکہ سماجی پالیسی کے انتظامی اخراجات میں بھی نمایاں کمی لائے گا۔ یہ نظام بڑی مقدار میں معلومات جمع کرنے، ان کا تجزیہ کرنے اور سماجی رویوں کی نگرانی کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سوشل کارڈ کے ذریعے سماجی معاونت اور مراعات کی فراہمی میں موجود بدعنوانی کے امکانات اور چینلز کو بھی بڑی حد تک ختم کیا جا سکے گا، جس سے ایک شفاف اور موثر نظام قائم ہوگا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں