سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی حاصل کرنے کے بعد ایک منفرد اقدام کے طور پر خصوصی پاسپورٹ اسٹیمپ جاری کی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس اسٹیمپ کا عنوان ویلکم ٹو سعودی 34 رکھا گیا ہے۔
یہ پاسپورٹ اسٹیمپ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے وزارت کھیل کے تعاون سے متعارف کرائی ہے۔ اس کا مقصد نہ صرف عالمی کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ کی میزبانی کا جشن منانا ہے بلکہ سعودی عرب آنے والے بین الاقوامی مہمانوں کو خوش آمدید کہنا بھی ہے۔
یہ خصوصی اسٹیمپ سعودی عرب کے تمام بین الاقوامی انٹری پوائنٹس پر دستیاب ہوگی اور مسافروں کے پاسپورٹ پر مہر کے طور پر لگائی جائے گی، جو ورلڈ کپ 2034 کے حوالے سے ایک یادگار نشان ہوگا۔
سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں کھیلوں کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور یہ اقدام ملک کے عزم کو مزید اجاگر کرتا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس کو کامیابی سے میزبانی فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔