ازبک وزیر خارجہ کا اپنے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، امن کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کی تعریف

ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ازبک وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان حالیہ برسوں میں اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں برس فروری میں دونوں ممالک نے تقریباً 3.4 ارب ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے، جبکہ دوطرفہ تجارت کو آئندہ پانچ برسوں میں دو ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا تھا۔

دونوں ممالک نے دواسازی، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں بھی مختلف معاہدے کیے ہیں۔

ادھر حالیہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو مختلف ممالک کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ چین، یورپی یونین اور متعدد علاقائی ممالک نے بھی پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور جنگ بندی کی کوششوں کو مثبت قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں