جوہری اور میزائل صلاحیتیں ہمارا اثاثہ ہیں، ہر صورت ان کا دفاع کریں گے، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنی ای نے کہا ہے کہ ایران اپنی ‘جوہری اور میزائل صلاحیتوں’ کو قومی اثاثہ سمجھتا ہے اور ہر صورت ان کا تحفظ کرے گا، چاہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان معاملات پر کسی معاہدے کی کوشش کیوں نہ کر رہے ہوں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پر نشر کیے گئے ایک تحریری بیان میں، جو ان کی جانب سے پڑھ کر سنایا گیا، انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک موجود 9 کروڑ ایرانی اپنی سائنسی، صنعتی اور تکنیکی صلاحیتوں ، جن میں نینو ٹیکنالوجی، بایوٹیکنالوجی، جوہری پروگرام اور میزائل نظام شامل ہیں ، کو قومی اثاثہ تصور کرتے ہیں اور ان کا اسی طرح دفاع کریں گے جیسے وہ اپنی سرزمین، سمندر اور فضائی حدود کا کرتے ہیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ خلیج فارس میں امریکہ کی موجودگی ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘خدا کی مدد سے خلیج فارس کے خطے کا مستقبل ایسا ہوگا جہاں امریکہ کا کوئی وجود نہیں ہوگا بلکہ یہ خطہ اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ خلیج فارس اور خلیج عمان کے اطراف کے ممالک ایک مشترکہ تقدیر رکھتے ہیں اور ہزاروں کلومیٹر دور سے آنے والے بیرونی عناصر، جو لالچ اور بدنیتی کے ساتھ یہاں آتے ہیں، اس خطے میں کوئی جگہ نہیں رکھتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں