صدر شوکت مرزائیوف کا ازبک ترکمان  بھائی چارے کے فروغ پر زور

ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ئیوف نے اشک آباد میں ترکمان شاعر اور مفکر مقطیمقلی فراگی کی 300ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی فورم میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فورم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بھائی چارے کو مضبوط بنانے اور دنیا کے روحانی ورثے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مقطیمقلی فراگی کے ادبی ورثے کو نہ صرف مشرقی ادب بلکہ عالمی ادب کا بھی حصہ قرار دیا۔

ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی زیر صدارت اس فورم میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف، کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، ایران کے صدر مسعود پیزشکیان، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، منگولیا کے صدر اوکھناگین خورلسوخ، آرمینیا کے صدر واہگن خاتشاتریان اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ازبکستان میں مقطیمقلی فراگی کی 300ویں سالگرہ کے موقع پر منائے جانے والے مختلف تقریبات، کانفرنسوں، ادبی محافل اور فلمی منصوبوں کا بھی ذکر کیا گیا۔ صدر مرزا ئیوف نے اگلے سال اشک آباد میں عالمی امن و اعتماد کے سال کے حوالے سے عالمی سربراہی اجلاس کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف نے صدر ازبکستان کی تقریر اور مقطیمقلی فراگی کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں 300ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تمغہ دینے کا اعلان کیا۔فورم کے اختتام پر ایک حتمی دستاویز بھی منظور کی گئی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں