انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا میں تیز موسلا دھار بارشوں کے باعث پیش آنے والے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 82 لاپتا ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ ہفتے کی صبح مغربی جاوا کے ضلع ویسٹ بندونگ میں پیش آیا، جہاں کئی دنوں سے جاری شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں بہاؤ تیز ہوا اور پہاڑی علاقوں میں مٹی، پتھر اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں تقریبا 34 مکانات ملبے تلے دب گئےہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان عبدالمہاری نے بتایا ہےکہ 24 افراد کسی نہ کسی طرح جان بچانے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ 82 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ امدادی ٹیمیں گہرے کیچڑ اور مشکل حالات کے باوجود لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ علاقے پاسیر کننگ میں اب تک 8 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ رات تقریبا 3 بجے ہوئی جس میں اچانک مکانات اور لوگ بہہ گئے۔ مغربی جاوا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے کے سربراہ کے مطابق غیر مستحکم زمین اور مسلسل بارشیں امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے فورا بعد نقصانات کا جائزہ لے کر ہنگامی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں، جبکہ متاثرہ علاقے کے قریب رہنے والے خاندانوں کو مزید خطرے کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر زمین میں حرکت یا خطرے کے آثار محسوس ہوں تو فوری طور پر علاقہ خالی کر دیں