ازبکستان کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے چرچک ایوی ایشن ریپئر پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں کی گئی وسیع پیمانے پر جدید کاری اور نئے ہائی ٹیک شعبہ جات کے کام کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ازبک صدر کو پلانٹ میں سی آئی ایس اور خطے کے واحد ایئربس ہیلی کاپٹرز کی تکنیکی دیکھ بھال کے مرکز پر بریفنگ دی گئی۔ یہ مرکز فرانس کی معروف کمپنی ایئربس سے باضابطہ طور پر سرٹیفائیڈ ہے، جس سے یہاں ہونے والے کام کے بین الاقوامی معیار اور کمپنی کی مقررہ شرائط پر پورا اترنے کی تصدیق ہوتی ہے۔
مرکز میں مغربی ساختہ جدید ہوابازی آلات، خصوصا H-125، H-215 اور H-130 ماڈلز کے ہیلی کاپٹرز کی مکمل سروس اور مرمت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام سے ازبکستان کو ایئربس ہیلی کاپٹرز کی دیکھ بھال اور آپریشن کے حوالے سے ایک اہم علاقائی مرکز بنانے کی امید ہے۔

صدر شوکت مرزائیوف نے مرکز کی صلاحیتوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ماہرین سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر انہیں پلانٹ میں Su-25 جنگی طیاروں کی اوورہالنگ اور گہری جدید کاری کے لیے قائم نئے ورکشاپس کی بریفنگ بھی دی گئی، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طیاروں کو نئے نیویگیشن سسٹمز، نائٹ ویژن آلات اور خود حفاظتی نظاموں سے لیس کیا جا رہا ہے۔
دورے کے اختتام پر ازبک صدر نے ملک کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کیں