ڈھاکا کی قومی ایئرلائن نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد براہِ راست فضائی پروازیں دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔
بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے مطابق، ڈھاکا سے کراچی کی پہلی پرواز 29 جنوری کو روانہ ہوگی اور یہ ہفتے میں دو بار چلائی جائے گی۔ یہ 2012 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی باقاعدہ براہِ راست پروازیں ہوں گی۔
ایئرلائن کی منیجر بصرہ اسلام نے جمعرات کو بین الکاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایاکہ ہم ڈھاکا-کراچی روٹ پر ہفتہ وار دو پروازوں کے ساتھ دوبارہ آغاز کر رہے ہیں۔
بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے ایک بیان میں کہا کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان رابطوں میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے کاروباری سفر، سیاحت اور خاندانی ملاقاتوں کو فروغ ملے گا۔
اس وقت بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو دبئی اور دوحہ جیسے خلیجی مراکز کے ذریعے کنیکٹنگ پروازیں استعمال کرنا پڑتی ہیں۔
گزشتہ ماہ پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی تھی کہ کراچی اور ڈھاکا کے درمیان براہِ راست پروازیں جنوری میں شروع ہو جائیں گی