آل راؤنڈر محمد نواز نے سال 2025 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سب سے کامیاب اور بااعتماد کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔
وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے محمد نواز پر بے پناہ اعتماد کا اظہار کیا اور آل راؤنڈر نے اپنی کارکردگی کے ذریعے اس اعتماد کو بھرپور انداز میں ثابت بھی کیا۔ خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ان کی نپی تلی گیند بازی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ نے انہیں ٹیم کا سب سے نمایاں کھلاڑی بنا دیا۔
محمد نواز نے جولائی 2025 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی دکھائی، جہاں انہوں نے 21.52 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اسی طرح اگست 2025 میں شارجہ میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والی سہ فریقی سیریز میں انہوں نے 120 رنز اور 10 وکٹوں کی شاندار کارکردگی پر ایک بار پھر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا۔
نومبر 2025 میں راولپنڈی میں سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف ٹرائی سیریز میں بھی محمد نواز نے 52 رنز اور 10 وکٹیں حاصل کرکے مسلسل تیسری مرتبہ سیریز کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس دوران وہ ایک ہیٹ ٹرک اور ایک میچ میں پانچ وکٹیں لینے میں بھی کامیاب رہے، جس نے ان کے سیزن کو مزید یادگار بنا دیا۔
پورے سال کے دوران محمد نواز نے 26 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلتے ہوئے چار مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے 74.4 اوورز کروائے اور 490 رنز دیتے ہوئے 13.16 کی بہترین اوسط سے 36 وکٹیں حاصل کیں، جو 2025 کے ٹی ٹوئنٹی کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ تھیں۔ بیٹنگ میں بھی انہوں نے 19.05 کی اوسط سے 362 رنز اسکور کیے، جہاں ان کا بہترین انفرادی اسکور ناٹ آؤٹ 38 رنز رہا جبکہ 138.16 کے اسٹرائیک ریٹ سے 24 چوکے اور 21 چھکے بھی لگائے