رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کا اعزاز اپنے نام کرنے والی پاکستان شاہینز ٹیم دوحا سے وطن واپس پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹیم کی واپسی کی فلائٹ پہلے سے ہی طے تھی، اسی لیے میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑی جلدی سے ایئرپورٹ روانہ ہوئے اور تیزی کے ساتھ تمام کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے فلائٹ میں سوار ہوئے۔ لاہور پہنچنے کے بعد قومی کھلاڑی اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی جلد ہی ٹیم کے لیے ایک بڑے کیش انعام کا اعلان کریں گے۔ اس حوالے سے ایک باقاعدہ تقریب بھی منعقد کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے، جس میں ملک کا نام روشن کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بنگلہ دیش اے کے خلاف ایک نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ پیش کیا۔ مقررہ اوورز میں میچ برابر ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور تک چلا گیا، جہاں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تیسری مرتبہ رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔