بالی ووڈ اداکارہ کاجول کا شادی پر متنازع بیان، سوشل میڈیا پر ہل چل مچا دی

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کاجول نے شادی کے بارے میں ایک ایسا بیان دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ ایک نئے ٹاک شو میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ شادی کی بھی ایک ’’ایکسپائری ڈیٹ‘‘ ہونی چاہیے، یعنی کچھ وقت بعد جوڑے کو یہ اختیار ہونا چاہیے کہ وہ چاہیں تو اپنے رشتے کو دوبارہ جاری رکھیں یا اسے ختم کر دیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی رشتہ آگے نہ چل سکے تو لوگوں کو پارٹنر بدلنے کی آزادی ہونی چاہیے۔

کاجول اس ٹاک شو کی میزبانی ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ کر رہی ہیں۔ اس قسط میں کریتی سینن اور وکی کوشل مہمان کے طور پر موجود تھے۔ شادی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے جب ٹوئنکل نے سوال پوچھا تو کاجول نے فوراً یہ رائے پیش کر دی، جس سے وہاں موجود سب لوگ حیران بھی ہوئے اور ہنس پڑے۔ ٹوئنکل کھنہ نے مزاح کرتے ہوئے کہا کہ پھر تو شادی بھی واشنگ مشین جیسی ہو جائے گی، جب چاہیں بدل لیں۔

شو میں موجود مہمانوں نے اس بات کو ہنسی میں ٹال دیا، لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں نے اسے بالکل مختلف انداز میں لیا۔ کاجول کے بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ شادی ایک مقدس اور زندگی بھر کا رشتہ ہے، اسے اس طرح معمولی چیزوں کی طرح بدلنے کی بات کرنا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ ایسے بیانات نوجوان نسل کو غلط سمت کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کاجول نے ماضی میں ایک انٹرویو میں اپنی کامیاب شادی کا راز بتاتے ہوئے کہا تھا کہ خوشگوار رشتے کے لیے تھوڑا سا بہرا پن اور کچھ باتیں بھول جانے کی صلاحیت ضروری ہوتی ہے۔ تاہم اس بار ان کا نیا نظریہ لوگوں کو بالکل پسند نہیں آیا اور ان کی اس رائے نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں