ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس مقابلے میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، جہاں سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں 14 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور بہتر کیا۔
دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب صفر پر، صاحبزادہ فرحان 5، کپتان سلمان علی آغا 20، حسن نواز 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز 4،4 اور محمد حارث 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جب کہ سمرن جیت سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں یو اے ای کی ٹیم پاکستانی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور 18ویں اوور میں صرف 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ان کی جانب سے راہول چوپڑا 35 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس کامیابی کے بعد گروپ اے سے پاکستان اور بھارت نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ عمان اور یو اے ای کا سفر ٹورنامنٹ میں ختم ہو چکا ہے۔