ایشیا کپ 2025 میں متحدہ عرب امارات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 42 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، جس میں محمد وسیم کے 69 اور علیشان شرفو کے 51 رنز شامل تھے۔
اس کے جواب میں عمان کی ٹیم 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 130 رنز ہی بنا سکی۔ یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 23 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حیدر علی اور محمد جواد اللہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور محمد روحد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
عمان مسلسل دوسرے میچ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے اور اب وہ اپنا آخری میچ جمعہ 19 ستمبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
جبکہ یو اے ای بدھ 17 ستمبر کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی، یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہوگا، کیوں کہ فتح حاصل کرنے والی ٹیم سپر فور مرحلے میں جگہ بنائے گی۔