پاکستان نے دفاعی چیمپئن ایران کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے وننگ ٹرافی اور گولڈ میڈل حاصل کر کے تاریخ رقم کی، جبکہ اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہنے والی ایرانی ٹیم کو سلور میڈل پر قناعت کرنا پڑی۔
ایشین والی بال کنفیڈریشن کے تحت تھائی لینڈ کے شہر ناکھون پاتھوم میں منعقدہ دوسری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں، پاکستان انڈر 16 ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایشین جونیئر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل میں، پہلے دو سیٹ ہارنے کے باوجود، قومی جونیئر ٹیم نے بہترین انداز میں کم بیک کیا اور اگلے تینوں سیٹ جیت کر اپنا لوہا منوا لیا۔
یہ ایونٹ میں پاکستان کی ایران کے خلاف دوسری فتح تھی۔ ایران نے پہلا سیٹ 22-25 سے جیتا، جبکہ دوسرا سیٹ 21-25 سے جیت کر 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ تاہم، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تیسرا سیٹ 28-30 سے جیت کر ہلچل مچا دی اور چوتھا سیٹ بھی 21-25 سے جیت لیا۔
پانچویں اور آخری سیٹ میں پاکستان نے حریف ٹیم کو مکمل طور پر بے بس کر دیا اور یہ سیٹ 10-15 سے جیت کر چیمپئن شپ کا فاتح بن گیا۔
پاکستان نے چیمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت پہلے ہی عالمی انڈر 17 والی بال چیمپئن شپ 2026 میں شرکت کا حق حاصل کر لیا تھا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے مات دے کر ایونٹ میں ناقابل شکست ہونے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ایران نے جاپان کو 0-3 سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل، پاکستان نے کوارٹر فائنل کے پوزیشن مقابلے میں بھی ایران کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔ پاکستان گروپ ڈی میں کوریا، سعودی عرب اور چائنیز تائپے کو شکست دے کر گروپ چیمپئن بنا تھا اور انڈونیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔