عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے عالمی یومِ یوگا کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ، یوگا صرف جسمانی ورزش کا نام نہیں، بلکہ یہ ذہنی سکون اور فطری زندگی کے لیے بھی نہایت مفید عمل ہے۔
ادارے کے مطابق، یوگا ایک جامع طریقہ ہے جو انسانی صحت کو جسمانی اور نفسیاتی دونوں سطحوں پر بہتر بناتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ، یوگا نہ صرف جسم کو متحرک رکھتا ہے، بلکہ ذہن کو بھی سکون دیتا ہے اور قدرتی طرزِ زندگی اپنانے میں مددگار ہوتا ہے۔
یوگا ایک سنسکرت لفظ ہے جس کا مطلب ہے ‘قابو پانا’ یا ‘اتحاد قائم کرنا’۔ یہ عمل بدھ مت اور ہندو مت میں جسمانی حرکات، سانس کی مشقوں اور مراقبے کے امتزاج پر مبنی ہے۔ اسے اپنے نفس پر قابو پانے اور مکمل جسمانی و ذہنی تندرستی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
سائنسی تحقیق بھی یہ ثابت کرتی ہے کہ، یوگا نہ صرف جسم کو بہتر بناتا ہے، بلکہ ذہنی دباؤ، اضطراب اور نیند کے مسائل جیسے کئی نفسیاتی امور میں بھی مثبت اثر ڈالتا ہے۔
ہر سال 21 جون کو دنیا بھر میں عالمی یوم یوگا منایا جاتا ہے۔ یہ دن عالمی ادارہ صحت کے تحت اس مقصد کے لیے منایا جاتا ہے کہ، جسمانی تندرستی، ذہنی سکون اور دل کی صحت جیسے اہم عوامل کی طرف دنیا بھر کی توجہ مبذول کی جا سکے۔
یہ تاریخ 2014 میں بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی تجویز کے بعد طے کی گئی، جسے 177 رکن ممالک کی حمایت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد 2015 میں پہلی بار عالمی یوم یوگا منایا گیا اور تب سے یہ دن عالمی فلاح و بہبود کی ایک علامت بن چکا ہے۔
اس سال یومِ یوگا کی تھیم ’یوگا فار ون ارتھ، ون ہیلتھ‘ رکھی گئی تھی۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق، یہ تھیم ہمیں یاد دلاتی ہے کہ، یوگا ایک ایسا سفر ہے جو جسم، ذہن اور روح کو ہم آہنگی کی جانب لے جاتا ہے۔ ادارے نے کہا کہ، یوگا ہمیں اپنے جسم کو سمجھنے اور ایک شعوری طرزِ زندگی اختیار کرنے کا درس دیتا ہے، جو کہ دنیا بھر میں صحت اور خوش حالی کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔